کراچی، اسلام آباد، ملتان (این این آئی،سٹاف رپورٹر ، وقائع نگار، جنرل رپورٹر) انتظارکی گھڑیاں ختم ہوگئیں،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کا چھٹا ایڈیشن آج(ہفتہ) سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ سکیورٹی انتظامات سخت جبکہ فضائی نگرانی بھی ہوگی۔لیگ کے پہلے 20 میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آئوٹ اور فائنل سمیت بقیہ 14میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ لیگ کا دوسرا سیزن ہوگا جو پوری طرح سے پاکستان میں منعقد ہوگا۔ لیگ میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ان میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں ۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیموں کے درمیان میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا ۔این سی او سی کے مطابق سٹیڈیم میں آنے والوں کو ایک میٹر کے فاصلے پر بیٹھنا ہوگا ۔گرائونڈ کے اندر اور باہر فیس ماسک پہننا لازمی ہوگا ۔ پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے ۔ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان تبدیل کر دیا،میچ کے دوران حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والے سر شاہ سلیمان روڈ کے ایک حصے کے علاوہ تمام راستے ٹریفک کے لئے کھول دیئے گئے ہیں ۔ ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین اس سال پی ایس ایل میں ملتان کی فرنچائز کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ علی ترین کے چچا عالم گیر خان ترین اب براہ راست ملتان سلطانز کے معاملات دیکھیں گے ۔دریں اثنا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ 21فروری کو متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ہونے والے مہاجر کلچر ٖڈے کو پی ایس ایل میچز کی وجہ سے مؤخر کردیا گیا ہے ، نئی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائیگا۔