کراچی ( 92 نیوز رپورٹ ، این این آئی ) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی معروف عالم دین مفتی منیب الرحمن اور مفتی تقی عثمانی نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کی مذمت کردی، مفتی منیب الرحمن نے کہا اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کی مذمت کرتے ہیں، ریاست مدینہ کا لوگو لگا کر بت کدے بنائے جارہے ہیں ، وفاقی حکومت کو فوری طورپر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر روکنی چاہئے ، ہم پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کو تسلیم کرتے ہیں، جہاں جہاں ان کی آبادیاں ہیں وہاں پر وہ اپنی عبادت گاہیں بنائیں ، اپنے طریقے پر عبادت کریں لیکن ریاست کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ سرکاری فنڈز سے بت کدے بنائے ۔ اسلام کی1450 سال کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی کہ اسلامی حکومت نے بُت کدہ بنایا۔ معروف عالمی دین مفتی تقی عثمان نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے جائز نہیں کہ وہ اپنے خرچ پر مندر تعمیر کرے خاص طور پر ایسی جگہ جہاں ہندو برادری بہت کم ہو،پاکستان جیسے ملک میں جو صلح سے بنا ہے وہاں ضرورت کے مطابق غیر مسلم نئی عبادت گاہ بنا سکتے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اسلامی ریاست میں غیر مسلموں کو حق ہے کہ جہاں ان کی آبادی کے لیے ضروری ہو، اپنی عبادت گاہ برقرار رکھیں، مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا اس نازک وقت میں نہ جانے ایسے شاخسانے کیوں کھڑے کیے جاتے ہیں جن سے انتشار کے سوا کوئی فائدہ نہیں۔