ملتان(واثق رؤف سے ) وفاقی وزارت ریلوے کی ہدایت پر ریلوے ملتان ڈویژن کی انتظامیہ نے 168کنال کمرشل اراضی تلاش کرلی ۔بتایاجاتاہے کہ وفاقی وزرات ریلوے نے ملتان سمیت تمام ڈویژنوں کوہدایت کی تھی کہ وہ اپنے ڈویژنوں میں کمرشل اراضی تلاش کریں جس کواستعمال میں لاکرریلوے کی آمد ن میں اضافہ کیاجاسکے ۔بتایاجاتاہے کہ اس سلسلہ میں ڈویژنل ریلوے انتظامیہ نے 168کنال اراضی تلاش کی ہے جس میں مظفرآباداورچناب ویسٹ بنک کے ریلوے سٹیشنوں کے درمیان دریائے چناب کے کنارے 20ایکڑ(160کنال )جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ نے عوامی تفریحی پارک بنایاہواہے اوریہاں ضلعی انتظامیہ مچھلی اورپارک کاباقاعدہ نیلامی کے ذریعے ٹھیکہ دیتی ہے ۔اسی طرح ملتان میں اولڈبہاولپورروڈپر5کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ طارق روڈپر3کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں کمرشل پلازے تعمیرکئے جاسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ملتان سے براستہ شیرشاہ مظفرگڑھ کی سمت جاتے ہوئے بائیں ہاتھ دریائے چناب پرواقع پل عبورکرتے ہی چناب ویسٹ بنک ریلوے اسٹیشن سے چند فرلانگ قبل دریاکے کنارے مظفرگڑھ انتظامیہ کے زیرانتظام 160کنال رقبہ جس پرتفریحی پارک موجودہے ۔ریلوے انتظامیہ نے نشاندہی کی گئی اس اراضی کا کمرشل پلان و فاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کے دورہ ملتان کے دوران ان کے سامنے پیش کرنے کے لئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں، جس میں یہاں ریسٹورنٹ پلے لینڈ،سفاری پارک سمیت مختلف منصوبوں بارے تجاویزتیارکی گئی ہیں جس سے ریلوے کوملنے والی سالانہ آمدن کابھی تخمینہ لگایاگیاہے ۔