لاہور( خصوصی نمائندہ )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں ریڑھی کلچرختم کرکے اس کی جگہ خصوصی بازاروں میں یکساں سٹالز لگائے اور طلبہ کو انڈسٹریز میں ٹریننگ کرائینگے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اورکاشتکار کو نئی جدت سے روشناس کرایا جائے گا۔ ایگری کریڈٹ کارڈ حکومت کا اختراعی اقدام ہے ۔ ایگری کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کاشتکار کو گندم اورگنے سمیت دیگر اجناس کی براہ راست ادائیگی ہوگی اورکاشتکار کو ایگری کریڈٹ کارڈکے ذریعہ امدادی نرخ پر زرعی مداخل مہیا کئے جاسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں ’’ہائی ویلیو کراپ‘‘کلچر کو فروغ دیا جائے گا اورروایتی فصلوں کے بجائے منافع بخش اجناس کی کاشت سے کسان خوشحال ہوگا۔ ڈیر ہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔پنجاب میں یوتھ انٹرن شپ کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار اورکاشتکار کو اچھی فصل ملے گی۔ خصوصی بازاروں میں خریداروں کے ساتھ آئے بچوں کی تفریح کیلئے جوائے لینڈ بھی بنائے جائیں گے ۔نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کے لئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ۔پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔روایتی ٹیکنیکل تعلیم کے بجائے جرمن اورسویڈش ماڈل کی طرز پرنیاٹیکنیکل نصاب لارہے ہیں ۔تاجر برادری کی سہولت کیلئے پنجاب بزنس رجسٹریشن پورٹل قائم کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت کا فیصلہ انصاف کی جیت ہے ۔ سچ جیت گیا، جھوٹ ہار گیا۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم کو سچ کی فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔