لاہور؍ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ؍سٹاف رپورٹر؍ خصوصی نیوز رپورٹر/ اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں سٹریٹ کرائمز میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ،دہشتگردی کے خلاف بیانیہ پر پوری قوم متفق ہے ۔وزیر اعظم آفس میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق لاہور میں اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔وزیراعظم نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے ۔ وزیراعظم نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے اور اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے ،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔وزیراعظم نے کہا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیاجائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا،گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔وزیراعظم سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود،رکن قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ، عون چودھری نے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم نے منشیات اور اسکی سمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان منشیات کے استعمال سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ملکر کام کررہا ہے ، کیمیائی طورپر تیار کردہ منشیات کی آسان دستیابی خصوصا نوجوانوں کیلئے خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا ہمیں منشیات کے نقصانات سے نوجوانوں اور ان کی صحت کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے ۔وزیراعظم نے کہا منشیات کی برائی کا جڑ سے خاتمہ محفوظ اور صحت مند معاشرے کے فروغ کیلئے موثر اقدام ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹورز پر خریداری کیلئے استعمال ہونے والا (او ٹی پی) ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم ختم کر دیا،اب یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ اشیاء کی خریداری کیلئے اصل شناختی کارڈ کائونٹر پردکھانا ہو گا، فوٹو کاپی کی شرط بھی ختم ہوگئی ،اب خریداری کے بعد کسٹمر کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر تصدیقی ایس ایم ایس موصول گا۔ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اصل مستحقین تک وفاقی حکومت کی سبسڈی شفاف انداز سے منتقل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم حکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں آج عشائیہ دیں گے اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کریں گے ،وزیراعظم حکومت کی اتحادی جماعتوں سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے پر مشاورت سمیت مہنگائی کے خاتمے کیلئے ارکان اسمبلی سے تجاویزبھی لیں گے ۔