لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) معاون خصوصی وزیر اعظم اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار علی بخاری نے کہا ہے کہ پوری کابینہ متفق ہے کہ مریم نواز کو باہر نہ جانے دیا جائے ،تاہم ہم ان کا کیس عدالت کو بھیجیں گے آگے ان کی مرضی ہے کہ کیا فیصلہ کرتی ہے ؟پی آئی سی پر حملہ انارکی پھیلانے کی کوشش تھی،یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے جس میں6 لوگ جاں بحق ہوئے ۔اس واقعہ میں ملوث کئی وکلا کی تصویریں حمزہ اور مریم کے ساتھ ہیں۔پروگرام 92 ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف جو بھی جائیگا اس کو سزا ملنی چاہئے ۔صرف حسان نیازی ہی نہیں بلکہ تمام وکلا برادری کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ کرکیا رہے ہی،اگر حسان نیازی تشدد اور جلاؤ ، گھیراؤ کا حصہ تھے تو ان کیخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔میں نے حسان نیازی کی ٹویٹس نہیں دیکھیں۔اگر انہوں نے کوئی غلط ٹویٹس کئے ہیں تو پھر بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔بے گناہ مریضوں کے منہ سے وینٹی لیٹر کوئی دہشتگرد بھی اتارنے کی کوشش نہیں کرتا ، یہ تو پھر وکلا تھے ،سابقہ حکومتوں نے معیشت کو تباہ کیا،15ماہ میں بہتری ہوسکتی ہے مگر تبدیلی ممکن نہیں۔اب معیشت ٹھیک ہورہی ہے اور پھر مہنگائی بھی کم ہوگی مگر یہ پراسس چھ یا آٹھ مہینے میں مکمل ہوگا۔ ابھی ہم نے 21ارب روپے کی ریکوری کی ہے ، 18کے قریب ان کی پراپرٹیز کو قبضے میں لیا ہے ،ہم نے لاہور میں 4میگا پراجیکٹس کو صاف کیا ہے اور لیز پر دے رہے ہیں۔ ان میں ایک ہوٹل بھی شامل ہے ۔ای او بی آئی کے ملازمین کی پنشن 15ہزارتک لے کر جائینگے ۔مختلف ملکوں سے ڈیجیٹل لنک کررہے ہیں تاکہ لوگوں کو آسانی ہو۔قطر نے 2015میں ہمیں ایک لاکھ افراد کا کوٹہ دیا تھا جو عنقریب پورا کرلیا جائیگا، امید ہے کہ قطر ایک لاکھ کا کوٹہ اور دے گا۔