اسلام آباد،پشاور (این این آئی،خبر نگار)پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور جے یو آئی کے (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق رہنمائوں نے موقف اختیار کیاکہ دوران رمضان عوام کے مسائل مزید بڑھ جائیں گے ، عوامی غصہ تحریک کو جلا بخشے گا۔ آصف زرداری نے تحریک کیلئے نوازشریف کو پیغام بھجوا دیا جس میں کہاگیاکہ عید کے بعد تحریک نہ چلائی تو اپوزیشن کا شیرازہ بکھر سکتا ہے ۔ذرائع نے بتایا ن لیگ اگر تحریک حکومت مخالف تحریک کا حصہ نہ بنی تواسے نقصان کا خدشہ ہے ۔ادھر پشاور میں پریسن کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہااپوزیشن دوبارہ انتخابات پرمتفق ہے ، ملک میں ٹیکنو کریٹس حکومت لائی جا رہی ہے اس لئے وزراء کو تبدیل کردیا گیا،معاشی صورتحال خطرناک لیول پر آگئی ، یہی حال رہا تو آئی ایم ایف آکر خود ہی بجٹ پیش کریگا ، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نظام کو نہیں چلایا جاسکتا۔ وزراء ناکام ہوگئے اس لئے کابینہ میں رد و بدل کیا گیا،ملک بدترین حالات سے دوچار ہے ۔ بی آر ٹی کا ڈیزائن مکمل تھا نہ ماہرین نے اس منصوبے کو صحیح کہا تھا،اربوں روپے لگا کر شہر کو تباہ کر دیا،پی ٹی آئی حکومت پشاور، خیبر پختونخوا اور پاکستان کو نہیں چلا سکتی۔