لاہور(کلچرل رپورٹر،نیٹ نیوز)پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ کو آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کردیا۔کمیٹی کی جانب سے فلم ’’زندگی تماشا‘‘ کو آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔اس فلم کا ورلڈ پریمیئر 2019 میں بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا جہاں’’زندگی تماشا‘‘ نے اعلیٰ ترین ’کم جیسوئک‘ ایوارڈ جیتا تھا۔فلمی دنیا کے سب سے متعبر اور اعلیٰ فلمی ایوارڈ آسکر کے لیے پاکستانی فلموں کا انتخاب کرنے والی پاکستانی آسکر سلیکشن کمیٹی میں رواں برس ڈائریکٹر اسد الحق، اداکارہ مہوش حیات اور موسیقار فیصل کپاڈیہ، شرمین عبید چنائے اور نامور فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے ) شامل تھے ۔خیال رہے کہ سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشا‘‘ کا ٹریلر گزشتہ برس سامنے آیا تھا اور اب تک اسے پاکستان میں ریلیز نہیں کیا گیا۔