لندن (92 نیوزرپورٹ،این این آئی)صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہاہے نواز شریف کی 7بارکارڈیک انٹروینشن ہوچکی،ڈاکٹرسگورٹ نے سوئٹزرلینڈسے آکر ان کا معائنہ کیا۔نواز شریف سے ملاقات کیلئے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس آمدکے موقع پر میڈیاسے گفتگومیں انہوں نے کہانوازشریف کے کچھ ٹیسٹ آج اورکچھ پیر کو ہونگے ،نوازشریف کا علاج ڈاکٹرزکی ہدایات کے مطابق آگے بڑھا رہے ہیں،صحافی کے سوال لندن میں کب تک رکیں گے ؟ پرشہبازشریف نے کہا اگرآپ کو پسندنہیں تو چلاجاتاہوں۔نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے کہا پروفیسر سگواٹ عالمی شہرت یافتہ ہارٹ سپیشلسٹ ہیں اور جدہ میں ان کاعلاج کرچکے ہیں،نوازشریف کے دماغ کوخون سپلائی کرنے والی شریان 80فیصدبندہے ،جب ضرورت پڑی نواز شریف کوہسپتال داخل کرائینگے ۔ این این آئی کے مطابق سابق وزیراعظم کے مرض کی تشخیص کے لیے ان کا پی ای ٹی سکین آئندہ ہفتے ہوگا۔فیملی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی گزشتہ روز گھر میں دو تھراپیز کی گئیں،ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا سابق وزیراعظم کا علاج کنگز کالج لندن کے ہیماٹولوجسٹ اور امراض قلب کے بہترین ڈاکٹرز کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر تھرومو بائسیپینیا کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مرض کی تشخیص کے لیے سکین اور بائی آپسی کی جائے گی۔