لاہور(92نیوزرپورٹ) سینئر تجزیہ کار ارشاد احمد عارف نے کہا ہے پہلے بھی کوئی امید نہیں تھی لیکن نوازشریف کیلئے مزید مشکل بڑھ گئی ہے کیونکہ ان کی سزائیں بحال ہوگئی ہیں۔اگرنواز شریف سزا کو ختم کرنے کیلئے نئے سرے سے اپیل کرینگے تو اس وقت کے حالات کا ا ندازہ نہیں ہوگا ،ماضی میں تو انہیں موقع مل گیا تھا کہ وہ باہر سے آئے اور انہیں ریلیف مل گیا تھا۔نواز شریف ایک قانونی حق سے محروم ہوگئے جو ان کیلئے ٹھیک نہیں،پاکستان میں دھڑے بند ی کی سیاست ہے ،یہاں پر تو ایک قسم سے لیڈر کی پوجا کی جاتی ہے ، لیڈر جو بھی بیانیہ دے گا اس پر ان کے کارکن عمل کرتے ہیں، انتخابات میں اگر نوازشریف باہر بیٹھتے ہیں اورپی ٹی آئی عوام کویہ باور کرانے میں کامیاب ہوتی ہے کہ اب نوازشریف واپس نہیں آئیں گے توشاید ان کو سیاسی طورپر نقصان ہوگا تاہم فوری طورپر اس کا کوئی سیاسی نقصان نظرنہیں آتا، دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس فیصلے کو کس طرح سے لیتی ہے ۔ جب تک نوازشریف گرفتاریا سرنڈر نہیں ہوتے ان کا حق اپیل بحال نہیں ہوسکتا۔ زندگی موت کے فیصلے حکومت یا عدالتیں نہیں کرتیں یہ تو اللہ کے ہاتھ میں ہے ، نوازشریف لندن میں بیٹھے ہیں، وہاں پر ان کی زندگی کی کیا گارنٹی ہے ، اس طرح کی باتیں عوام کو بے وقوف بناسکتی ہیں لیکن ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،عدالتی فیصلے کے باوجود نوازشریف کی سیاست ختم نہیں ہوسکتی سیاست تو اس وقت ہی ختم ہوسکتی ہے جب کوئی سیاستدان خود ہی اپنے پائوں پر کلہاڑی مارے ۔