لاہور،اسلام آباد (خبرنگارخصوصی، آن لائن ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ۔ عمران خان اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،عمران نے بڑے یو ٹرن لئے اب ایک نیا یو ٹرن لیں اور اقتدار چھوڑ کر اس دنیا میں چلے جائیں جہاں سے آئے تھے ،وہ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جن قوتوں نے پی ٹی آئی کے چھوٹے غبارے میں زیادہ ہوا بھر تھی اب پریشان ہیں کہ انکا غبارہ پھٹ چکا ہے ، عوام تباہ حال ہیں اور معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے ۔جبکہ قمر زمان کائرہ نے لا ہور میں مصروف دن گزارا،انہوں نے بھٹو شہید کے ساتھ کام کرنے اور جدوجہد کی علامت سینئر ترین ورکرز سے انکے گھر جا کر ملاقاتیں کیں۔وہ اچھرہ میں رانا مختار،میاں منیر احمد، بائو یاسین۔ چودھری سلیم کے گھروں میں گئے ، بعدازاں انہوں نے پیپلز پارٹی کے پاک عرب سوسائٹی میں شیخ مقبول کے دفتر کا افتتاح کیا ، سینئر رہنما بیگم شمیم نیازی کے گھر جا کر انکی عیادت کی،عاصم محمود بھٹی کے ڈیفنس میں دفتر کا بھی افتتاح کیا، نشاط کالونی میں ایک کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا ۔