اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)مشیر وزیر اعظم برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم سے علاقائی تجارت کے فروغ اور ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہی خطے میں قیام امن کے لئے آگے بڑھنے کا قابل عمل راستہ ہے ۔گزشتہ روز افتخار علی ملک کو سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر مبارکباددیتے ہوئے مشیر تجارت نے کہا کہ خطے میں تجارت کے فروغ کے لئے افتخار علی ملک کی 29 سالہ شاندار خدمات کا اعتراف پاکستان کے لئے اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جس سے بھر پور استفادہ کی ضرورت ہے ۔ سارک چیمبرکے نامزدصدر افتخار علی ملک نے مشیرتجارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ۔عبدالرزاق داؤد سے سربراہ ڈیجیٹل پاکستان انشیئیٹو تانیہ ایدروس نے ملاقات کی اور نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ کاروبار اورسٹارٹ اپ کو فروغ دینے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔