اسلام آباد (این این آئی، صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کاایک سال مکمل ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران! ایک سال مکمل ہوا اور آپ تمام مضامین میں فیل ہیں۔انہوں نے کہا عمران خان نے ایک سال میں تمام قومی کامیابیوں کو بدترین ناکامیوں میں بدل دیا ،18 اگست کو اپنی نالائقی اور نااہلی پر جھوٹ کا عالمی ریکارڈ بنائیں گے ۔انہوں نے کہا عمران نے ایک سال میں کتنے انڈے ، کٹے اور مرغیاں بانٹی ہیں ؟عوام روٹی کی جگہ بھوک اور مہنگائی کی تبدیلی کھا رہے ہیں،آپ نے تو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے تھے ؟ آپ نے تو روٹی ، کاروبار اور روزگار بھی چھین لیا ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں صرف عمران خان کا محل پکا ہوا ہے اور آئی ایم ایف کی ٹیم کو نوکری ملی ۔انہوں نے کہا ایک سال میں 45 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے اور 15 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، روپے کی قیمت میں 33 فیصد تاریخی کمی سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوا ، ملک کی ترقی 6فیصد سے 3 فیصد اور مہنگائی کی شرح 3فیصد سے 10 فیصدہو گئی ۔ادھر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں تھا، بھارت نے ایسی کارروائی کی جس کی 72سال میں مثال نہیں ملتی،حکومت کو انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں مل رہی تھی کہ کشمیر کا مقدمہ لڑتی، اتنے عرصے بعد سلامتی کونسل کا غیر رسمی اجلاس ہونا غنیمت ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے وفد کی سربراہی آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو دی جائے ۔