ملتان (سٹاف رپورٹر) سانحہ تیز گام میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد بھی ریلوے انتظامیہ کو ہوش نہ آیا ، تاحال مسافر ٹرینوں میں ناکارہ کوچز لگانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ریلوے سٹیشنز پر سکیورٹی کے انتظامات کو بہتر نہیں بنایا جا سکا۔مسافروں کا سامان چیک کرنے کا سرے سے نظام ہی موجود نہیں۔ ممنوعہ اشیا کا نیا حکمنامہ جاری ہونے کے باوجوداسکی تفصیلات ریلوے سٹیشنز پر درج نہیں کی جا سکیں ۔دوسری جانب مناسب چیکنگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کا مؤثر سسٹم نہ ہونے کے باعث مسافر ٹرینوں میں ناکارہ کوچز اب بھی لگائی جارہی ہیں۔ ٹرینوں کی بوگیوں کی ظاہری تزئین و آرائش کے باوجود اندرونی حالت ابتر ہو چکی ہے ۔ ٹرین روکنے کے لئے زنجیر کام نہیں کرتی ، آگ بجھانے کے لئے نصب سلنڈر زائد المیعاد ہو چکے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ریلوے انتظامیہ کی لاپروائی سے دوبارہ کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔