کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کیس کی سماعت میں مثبت پیش رفت پر سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں زبردست دلچسپی ظاہر کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید 583.55 پوائنٹس کے اضافے سے 38706.27پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ تیزی کے باعث79 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 1ارب 55کروڑ90لاکھ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 52.58فیصدزائد رہا۔گزشتہ روزکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،اور ٹریڈنگ کے ابتداء سے ہی سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مد ملازمت میں توسیع کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی توقعات پرسرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں زبردست دلچسپی ظاہر کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈٖنگ کے دوران سات بالائی حدیں عبور کرتے ہوئے 38846 پوائنٹس کی بلند سطح پر آگیاتاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز فروخت کا دباؤ بڑھنے سے انڈیکس کی مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 583.55 پوائنٹس کے اضافے سے 38706.27 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 259.35پوائنٹس کے اضافے سے 17782.52 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 919.99 پوائنٹس کے اضافے سے 62281.56پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 583.55پوائنٹس کے اضافے سے 27439.12 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر396کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 316کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 64کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔