کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن ماروی میمن نے انکشاف کیا ہے کہ اسحاق ڈار جلد پاکستان میں ہوں گے ،سب لوگ اپنی سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔گزشتہ روز ماروی میمن نے اپنے ٹوئٹرپیغام میں کہا کہ سب کیلئے بریکنگ خبر ہے کہ اسحاق ڈار جلد پاکستان میں ہوں گے ، سب لوگ اپنی سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔ماروی میمن کا مزید کہنا تھا کہ وطن واپس نہ آکر سب کچھ کھو دینے والے لوگ احمق ہوتے ہیں،ایک معیشت دان ایسا نہیں کرسکتا، لوگ اپنے مفادات میں فیصلے کرتے ہیں۔یاد رہے چند روز قبل اسحاق ڈار سے مبینہ شادی کے حوالے سے ٹوئٹر پر ہونے والی ٹرولنگ پر لیگی رہنما ماروی میمن اپنی ہی پارٹی ن لیگ پر برس پڑی تھیں اوراپنے ٹوئٹر پیغام میں ماروی میمن کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا اب مجھے منہ کھولنے پر مجبور نہ کیا جائے ، مزید تنگ کیا گیا تو کچھ لوگوں کیلئے بہت بڑا مسئلہ کھڑا ہوجائے گا۔اس سے قبل ماروی میمن نے نواز شریف کی جیل واپسی پر ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ن لیگ ممی ڈیڈی ٹوئٹس کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں۔کارکنان کو اگر اپنے قائد سے اتنا ہی لگا ئوہے تو ریلی کافی نہیں جیل بھرو تحریک چلائیں۔ میرے خلاف ن لیگیوں کی سوشل میڈیا پرمہم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔