اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجزسے نمٹنے کیلئے غیرمعمولی اقدامات کرناہونگے ،تاہم تمام کوششیں عام آدمی کو ریلیف کیلئے ہونی چاہئیں جبکہ مختلف شعبوں کو دی جانیوالی سبسڈی کے عمل پرنظرثانی اور اسکی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کردی تاکہ اسے مزید موثر اور فائدہ مند بنایا جا سکے ۔گزشتہ روزوزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کوروناکی صورتحال اورملکی معیشت سے متعلق امورپرغور کیا گیا ۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے وزیراعظم کورواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے معاشی اعدادوشمار،کوروناسے ملکی معیشت پرپڑنے والے اثرات اورمختلفریلیف پیکیجزپر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ حکومت کی جانب سے غریبوں اور معاشرے کے کمزور طبقات اور کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے شدید متاثر ہونے والے معیشت کے مختلف شعبوں کی مدد کیلئے اعلان کردہ دس کھرب 25 ارب روپے کے اقتصادی پیکیج کی پیشرفت اور اسکے اثرات کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں موجودہ صورتحال میں وزارت خزانہ کی کارکردگی کوسراہا جبکہ مزید ہدایت کی کہ ترقی کیلئے سرکاری ونجی شراکت داری کوفروغ دیاجائے ۔ چھوٹے اوردرمیانے درجے کے کاروبارپرخصوصی توجہ دی جائے ۔زرعی شعبے پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔وزیراعظم نے ترقیاتی پروگرامزکے اہداف کے حصول اور ان میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کوشامل کرنے پربھی زور اور مزید کہا کہ حکومت عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے ۔چھوٹی صنعتوں کوبااختیاربنانے سے روزگارکے مواقع پیداہونگے ۔ موجودہ اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ’’آوٹ آف دی باکس‘‘حل نکالنے ہونگے ۔ آئندہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کی ترجیحات اور اہداف واضح کئے جانے چاہئیں اور محض منصوبے شروع کرنے کے بجائے انکی تکمیل پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے ۔ معاشی وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لئے سرکاری شعبہ کے اداروں میں اصلاحات کے عمل کو تیز کیا جانا چاہئے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ملاقات کی اور ’’میڈ ان پاکستان‘‘منصوبہ سے آگاہ کیا جبکہ کوروناکے حوالے سے پاکستان میں تیار کئے جانیوالے ماسک اورحفاظتی لباس پر بریفنگ بھی دی۔وزیراعظم نے مقامی سطح پرمصنوعات کی تیار ی پر فوادچودھری اور وزارت سائنس کی کارکردگی کو سراہا۔ بعدازاں فواد چودھری نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم نے وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی کوانتہائی اہمیت کی حامل قراردیا اور کہاملک کے مستقبل کاانحصارعلم اورٹیکنالوجی کی سوجھ بوجھ پرہے ۔وزیراعظم کی ہدایت پراسلام آبادپولیس کوہائی ٹیک کرنے کامنصوبہ شروع کررہے ہیں،پہلے مرحلے میں 10پولیس سٹیشن ماڈرنائزڈکرینگے ۔دریں اثنا وزیراعظم سے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری نے بھی ملاقات کی جس میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف کو کورونا امدادی فنڈ مہم کیلئے نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا ۔ وہ ممتاز تاجر اور سماجی کارکن خورشید عالم کیساتھ بھی کام کرینگے جو کورونا امدادی فنڈ مہم کے آفیشل فوکل پرسن ہیں۔