لاہور،ملتان(اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ،نیوز رپورٹر) احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے پیرا گون ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 جنوری تک توسیع کرکے دونوں کو اسمبلی اجلاس میں جانے کی اجازت دیدی،دوران سماعت عدالت میں قیصر امین بٹ کی بیماری کی تحریری رپورٹس جمع کرائی گئیں۔فاضل جج نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا میں ان رپورٹس کو نہیں مانتا، اس کوسٹریچرپر لیکر آؤ، جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری ہر بار عدالت چھوڑ کر قیصر امین کا بیان کرانے آتے ہیں،عدالت نے استفسار کیاباقی گواہ کدھر ہیں، اب تو حکومت بھی آپکی ہے پھر بھی گواہ پیش نہیں کرتے ، جو موجود ہے اس کا بیان قلمبند کیا جائے ۔گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست پر نیب نے احتساب عدالت لاہور میں جواب جمع کرادیاجبکہ 2 مزید شریک ملزمان نے بریت کی درخواست جمع کرادی،عدالت نے سماعت 29جنوری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی رہائی کی دوسری روبکار بھی جاری کردی،فیصلے میں تاریخ کے غلط اندراج کی وجہ سے ایک روز قبل روبکار جاری نہ ہو سکی تھی۔ احتساب عدالت نے شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم راشد کرامت کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے اسے جیل بھجوادیا اوردوبارہ 7 فروری کوپیش کرنے کا حکم دیدیا۔احتساب عدالت ملتان کے جج رانا عبدالرشید نے میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کرپشن کے مقدمہ میں ملوث سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر صابر خان صدوزئی کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوشن کی جانب سے جواب و بحث کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کو طلب کرکے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔