ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے جوہری تنصیبات اورصنعتی ترقی کیلئے ہولڈنگ کمپنی قائم کرنے کا اعلان کردیا۔بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی میں سعودی عرب کے گورنرشہزادہ عبداﷲ بن خالد نے جوہری توانائی کمپنی کے قیام کی تصدیق کی ہے جو مملکت میں جوہری تنصیبات اور جوہری صنعت کی تعمیر وترقی میں مدد فراہم کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی گزٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ انھوں نے یہ اعلان ویانا میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایک تقریر میں کیا ۔کے اے کیئر کے فرائض وذمہ داریوں میں سے ایک ملک کی جوہری توانائی کی صنعت کو ترقی دینا بھی شامل ہے ۔آئی اے ای اے میں گورنر کے بیان کے مطابق توانائی پیدا کرنے کے لیے جوہری تنصیبات کی تعمیر کے علاوہ ہولڈنگ کمپنی کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر جوہری اقتصادی منصوبوں میں حصہ لینے اور جوہری توانائی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔گورنرنے اپنی تقریر میں خاص طور پرکووڈ19کی وبا سے پیداہونے والے چیلنجوں کی روشنی میں جوہری توانائی کی تیاری کے عمل میں تحفظ کے پہلو کو بھی اجاگرکیا اور جوہری اورریڈیائی مواد سے تحفظ، ٹرانسپورٹ اور فضلے کے تحفظ کو بڑھانے کے لیے ایجنسی کی کوششوں کی تعریف کی۔