لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق گورنر پنجاب سردارذوالفقارعلی خان کھوسہ نے کہاہے کہ وزیراعظم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کسی کے بارے میں یہ کہے کہ وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے یہ نیب کا کام ہے وہ کررہاہے ،پروگرام جواب چاہئے میں میزبان ڈاکٹر دانش سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آراو کے بارے میں وزیراعظم کوئی ایک نام تو بتائیں کہ کس نے مانگا ہے ۔ ایمنسٹی کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا اوربہت سخت ا لفاظ استعمال کئے گئے اورعمران خان خود یہ سکیم لے آئے ۔ہمیں کوئی سمجھ نہیں آرہی ہے کہ پاکستان میں کیا ہورہاہے ۔ شہبازشریف بڑے محتاط بیان دے رہے ہیں لیکن مریم نواز سخت بول رہی ہیں۔ شریف فیملی میں اختلاف ہے ۔سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت نااہل ہے اس لئے ڈیلیورنہیں کرپارہی ہے جبکہ اپوزیشن ڈیل کی متلاشی ہے ۔ نوازشریف نے بے نظیر کی پارٹی پر مقدمات بنائے جبکہ بے نظیر اورپی پی کے دور میں نوازشریف پر مقدمات بنائے گئے ۔ جو احتساب ہورہا ہے یہ کوئی عمران خان کا شروع کیاہوا نہیں ہے جنہوں نے شروع کیاہے وہ منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔مسلم لیگ (ض )کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ حکومت کاکام ٹکراؤ نہیں بلکہ سب کوساتھ لے کرچلناہوتا ہے لیکن موجودہ حکومت کے ترجمان جب ٹی وی پر آتے ہیں توایسا لگتاہے کہ وہ حکومت میں نہیں بلکہ اپوزیشن میں ہیں۔