اسلام آباد (نیٹ نیوز، این این آئی) پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو شہید کیخلاف توہین آمیز اور بہتان پر مبنی ٹویٹ کرنیوالی امریکی نژاد بلاگرسنتھیا ڈی رچی کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) میں شکایت درج کر ادی۔سنتھیا نے شہید بینظیر کیخلاف ٹوئٹر پر نازیبا زبان استعمال کی تھی۔پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدرشکیل عباسی ایڈووکیٹ نے ایف آئی اے میں بلاگر کیخلاف شکایت درج کرائی،درخواست میں کہا گیا کہ سنتھیا کے جملوں سے لاکھوں افراد کی دل آزاری ہوئی ہے جو شہیدبینظیر بھٹو کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،بلاگر کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ پی پی رہنماؤں اور کارکنوں نے بلاگر سنتھیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔سینیٹر شیری رحمٰن نے ٹویٹ میں کہا میں عام طور پر اس طرح کے معاملات میں نہیں پڑتی لیکن یہ جھوٹ کی بنیاد پر توہین آمیز اور بہتان طرازی ہے ۔