لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)(ن) لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے علی حیدر گیلانی نے ویڈیو پر وضاحت دی ہے کہ وہ ووٹ مانگنے گئے تھے ،اس میں کوئی پیسوں کے لین دین کی بات نہیں ہوئی۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں اینکر پرسن ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا علی حیدرگیلانی والد کی کمپین کررہے ہیں۔اگر ویڈیو میں بھی کوئی چیز ثابت ہوگئی تو الیکشن کے بعد بھی ایکشن ہوسکتا ہے ۔ کوئی چیز ثابت ہوئے بغیر الیکشن ملتوی کرنا کوئی عقلمندی نہیں ۔وزیر اعظم کی طرف سے اپنے ایم ا ین ایز اور ایم پی ایز سے ملنا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا علی حیدر گیلانی واحد ایم پی اے ہیں جو ملتان سے جیتے ،باقی حلقوں میں تحریک انصاف جیتی ہے ۔یہ تو ووٹ کی عزت کی بات کرتے تھے ،ان کی ڈھٹائی دیکھیں کہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اقرار جرم کیا ، یہ ضمیر کی آواز میں ووٹ کا تقدس پامال کرنے کے طریقے اور ووٹ ضائع کرنے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔تحریک انصاف عوامی مفاد کا کوئی بھی بل پارلیمنٹ میں لیکر گئی تو اپوزیشن نے اس کے بدلے پہلے این آراو مانگا۔ہم نے الیکشن کو ملتوی یا مؤخر کرنے کی بات نہیں کی۔ہم نے کسی کے ووٹ نہیں خریدے ،یہ لوگ پیسے دیکر لوگوں کے ضمیر خریدتے ہیں۔ سندھ حکومت عوام کے پیسوں سے لوگوں کو خرید رہی ہے ۔ ہم مرکز سمیت تمام صوبوں سے جیتیں گے ۔سینئر تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا الیکشن کمیشن سو موٹو نہیں لے سکتا،ویڈیو میں پیسوں کے لین دین کی کوئی چیز سامنے نہیں آئی، ایک بیٹا اپنے باپ کیلئے ووٹ مانگ سکتا ہے ۔الیکشن کمیشن ہو یا سپریم کورٹ یہ کوئی نیا قانون نہیں بنا سکتے ، سپریم کورٹ صرف قانون کی تشریح کرے گی۔اب سپریم کورٹ نے رائے د یدی، اگر کوئی ترمیم کرنا ہے تو پارلیمنٹ کے ذریعے ہوگی۔