اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار،92 نیوزرپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن ) وفاقی حکوت نے کہا ہے سندھ میں سوچی سمجھی سازش کے تحت کھیل کھیلا جارہا ہے جس کا براہ راست فائدہ بھارت کوپہنچ رہا ہے ۔ اگر آئی جی سندھ کا اغواہوا ہے توابھی تک مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر سفیدجھوٹ بولا ۔ انکی جانب سے ایک وفاقی وزیر پر الزام لگایا کہ دھمکی دی گئی ایف آئی آر درج نہ کرائی تو حکومت سندھ نہیں رہے گی ، ہم اس جھوٹے الزام کی مذمت اور سختی سے تردید کرتے ہیں، اگر وزیراعلی سندھ سچ بولنا چاہتے ہیں تو وفاقی وزیر کا نام بھی بتا دیتے ۔مزار قائد پر ہلڑ بازی اورجو غیر قانونی واقعہ ہوا اس جرم کو چھپانے کیلئے نیا ناٹک رچایا گیا، ویڈیو فوٹیج میں صفدر اعوان نے پولیس وین میں بیٹھنے سے پہلے ایک دو نعرے بھی لگائے ، زبردستی یا کھینچاتانی نہیں ہوئی۔سیاسی ٹھگوں کے ن گروپ نے دوباتوں کا ذکر کیا جن میں چادر اور چار دیواری کے تحفظ کی بات کی گئی ، کیا چادر اور چار دیواری صرف مریم صفدر کیلئے ہی ہے ۔ماڈل ٹائون کی خواتین پر فائرنگ ،بینظیر کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے پھینکنے سمیت اس طرح کی ہر اوچھی حرکت کی خالق تو (ن )لیگ خود ہی ہے ۔ شہزاد اکبر نے کہا کراچی واقعے پر بلاول بھٹو ن لیگ کیساتھ کوئی کھیل کھیل رہے ہیں یا پھر دونوں جماعتیں ملکر کوئی بڑا گیم کھیل رہی ہیں۔ آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا تو انہوں نے ایف آئی آر درج کیوں نہیں کرائی۔ صوبے کے چیف ایگزیکٹو نے پریس کانفرنس سے پہلے منع کیا اس واقعہ پر سوالات نہیں کرنے ۔ عطاتارڑ نے گزشتہ روز ٹویٹ کے ذریعے مجھے دھمکی دی ، راناثنااﷲ بھی آئے روز دھمکیاں دیا کرتے تھے ۔ وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کو چادر اور چاردیواری کی پامالی کہنا مذاق ہے ۔چادر اور چار دیواری حرمت کی پامالی کا بدترین واقعہ ماڈل ٹائون لاہور میں ہوا تھا۔ بیگناہ لوگ جن میں حاملہ خاتون بھی شامل تھی ، پولیس گردی کا نشانہ بنے تھے ۔ معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا صفدر کو گرفتار کرنے کی فوٹیج کرپشن پارٹنرز کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ جعلی جمہوریت پسندوں کا جعلی بیانیہ اختتام کو پہنچا، ڈرامہ ختم شد، اب رسیدیں نکالیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا فوٹیج میں واضح ہے کیپٹن (ر) صفدر کو پولیس نے گرفتار کیا، رینجرز نے نہیں اور کسی نے کوئی زبردستی نہیں کی۔اپوزیشن کا مقصد اداروں پر حملہ کرنا ہے ۔شہبازگل نے ٹوئٹر پر تصویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کمرے کے دروازے پر زور لگانے والا شخص مریم نواز کا اپنا گارڈ ہے ،ن لیگ والو ان کے جھوٹ میں نہ آنا، یہ اس کام کے ماہر ہیں ۔