کراچی (سٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے ریاست کے خلاف جنگ اور سندھ اسمبلی پرخود کش حملے کی سازش کرنے والے 5دہشت گردوں کوسزاسنادی ہے ۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر زاہد اللہ عرف سلیمان اور بسم اللہ عرف حاجی لالہ کو سزائے موت سنائی ہے ۔ دونوں پر 10،10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا ہے ۔ دیگر جرائم میں عدالت نے زاہد،بسم اللہ ، محمد قاسم،انعام اللہ عرف بلال اور گل محمد کو 3 مرتبہ عمرقید جبکہ دھماکا خیز مواد رکھنے کے جرم میں 14 سال قیدکی سزا سنائی ہے ۔عدالت نے پولیس مقابلے اور اقدام قتل پر13 سال قید سنائی ہے ۔عدالت نے فیصلے میں کہاکہ مجرم زاہد اللہ خودکش حملہ آور تھا ،جس کو سندھ اسمبلی پر رکشے کے ذریعے خود کش حملہ کرنا تھا۔ مجرم یہ سب کچھ کرنل بسم اللہ کے کہنے پرکررہا تھا۔کرنل بسم اللہ پہلے افغان انٹیلی جنس اور پھر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کررہا تھا۔ مجرم زاہد اللہ نے سندھ اسمبلی کو اجلاس کے دوران نشانہ بنانے کے لئے ٹیم بھی تشکیل دی۔ یہ جرم ریاست کے خلاف سازش اور جنگ کے مترادف ہے ۔عدالت نے کہاکہ آج کل جنگ کاطریقہ کاربدل چکاہے ،اب براہ راست کے بجائے پراکسی وار لڑی جاتی ہے ۔دہشتگردوں کو جنوری 2021ء میں شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا۔