کراچی،سکھر،جیکب آباد،لاڑکانہ،نوابشاہ(سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران،92 نیوررپورٹ)سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں مختلف اضلاع میں ہنگامہ آرائی،فائرنگ اور دیگرپرتشددواقعات میں وائس چیئرمین کا امیدوار،بلدیاتی امیدوارکے بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق اورخاتون پریذائیڈنگ افسرسمیت درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ پہلے مرحلے میں پیپلزپارٹی نے واضح برتری حاصل کرلی،غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 2288نشستوں کیساتھ پہلے نمبرپرہے ۔ٹنڈوآدم،گھوٹکی،نوشہرو فیروز،محراب پور،سکھر،شہدادپور،جیکب آباد،کھپرو،پنو عاقل،قمبرشہدادکوٹ،نصیرآباد اور دیگرعلاقوں میں دن بھرلڑائی جھگڑے ، دنگا فساد دیکھنے میں آیا،ڈنڈے ،لاتیں اورگھونسے چلتے رہے ،گھوٹکی کے پولنگ سٹیشن پرمردوں کے جھگڑے میں خواتین نے انٹری دی،ٹھل میں پولنگ سٹیشن پر2 سیاسی جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے ،فائرنگ کے باعث 7 افراد زخمی ہوئے ،نوشہرو فیروزمیں ووٹرزکے درمیان تصادم ہوگیا،نوابشاہ میں یونین کونسل نمبر8 کے تین پولنگ اسٹیشنوں پرنامعلوم افراد نے دھاوا بولا اوربیلٹ پیپرچھین کرفرارہوگئے ، کندھ کوٹ میں ووٹنگ کے دوران تصادم میں ڈنڈے لگنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے ،کھپرو میں جعلی ووٹ پکڑنے پرجھگڑا ہوگیا،گاڑی کے شیشے توڑدیئے ،کندھ کوٹ میں جیالے اورجے یوآئی کے کارکن لڑپڑے ،30 زخمی اور13 گرفتارہوئے ،کندھکوٹ کے پولنگ سٹیشن نمبر 28 پر ووٹنگ کے دوران ڈاکوؤں نے حملہ کردیا،ڈاکوؤں نے پریذائیڈنگ آفیسراورعملے کو سامان سمیت اغوا کرلیا،مغوی عملے کو بعدازاں بازیاب کرالیا گیا،شکارپورمیں آزادامیدوارنے بیلٹ پیپرزسے بھرا باکس تالاب میں پھینک دیا۔شہدادپورمیں شدید گرمی کی وجہ سے ٹرن وٹ بہت کم رہا،مارکیٹ کمیٹی پولنگ سٹیشن پرنامعلوم نقاب پوشوں کی جانب سے فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا،پولنگ بند ہونے کے بعد پی پی رہنما فہد وسان کے بنگلے پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے ایک گارڈ زخمی ہوگیا،ڈی آئی جی سکھر طارق عبا س قریشی نے بلدیاتی انتخابات میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت اورمتعدد کے زخمی ہونیکی تصدیق کی،جیکب آباد کی یونین کونسل کوٹ جنگو میں مسلح افراد آزاد امیدوارفاروق کھوسو سمیت پریذائڈنگ افسرماجد کھوسو کو اغواء اوربیلٹ باکس اٹھاکرلے گئے ہیں،جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کی یونین کونسل لوگی میں جے یوآئی کے ضلعی امیرڈاکٹراے جی انصاری پرمخالف امیدوارکے حامیوں نے حملہ کیا اورفائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ،ڈاکٹر اے جی کو کئی گھنٹے تک یرغمال بھی بنائے رکھا گیا،یونین کونسل توج میں جے یوآئی امیدوارکے والد نواب خان اورمنیراحمد کو گرفتارکرلیا گیا۔ٹھل کی یونین کونسل نمبر44 کنڈرانی میں پی پی اورجے یوآئی امیدواروں کی حامیوں میں جھگڑا ہوا اورپولنگ سٹیشن جنگ کا میدان بن گیا،لاٹھیوں اوراینٹوں کے آزادانہ استعمال سے 10 سے زائد زخمی ہوگئے ،نواب شاہ میں نامعلوم مسلح ملزمان پولنگ عملے کو یرغمال بناکرپولنگ کا سامان لے اڑے ،بیلٹ پیپرپرغلط انتخابی نشان کی اشاعت بھی پولنگ التوا کا باعث بنی،مختلف پولنگ سٹیشنوں پرجھگڑوں کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی ہوگئے ،۔مجموعی طورپرٹرن آوٹ بیس سے پچیس فیصد رہا،ضلع سانگھڑ کے تعلقہ ٹنڈو آدم،کھپرو،جھول،شہدادپور،سنجھورو اور دیگرمقامات پرلڑائی جھگڑے اورپرتشدد واقعات میں ایک شخص ہلاک اوردرجنوں زخمی ہونیکی اطلاعات ہیں۔الیکشن کمشنرسندھ اعجاز انور چوہان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جہاں الیکشن متاثرہوا ہے وہاں دوبارہ انتخابات کی نئی تاریخ کااعلان کیا جائیگا،کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمشنرسندھ اعجازانورچوہان نے کہا کہ نواب شاہ اورمیرپورخاص سے شکایات موصول ہوئی ہیں،واقعات میں ملوث کرداروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی،انتخابات کے دوران پیش آنے والے پرُ تشدد واقعات کی انکوائری کی جائیگی،الیکشن کمیشن کسی کی ہدایات پر چلتا،نہ ہی کسی جماعت یا پارٹی کا آلہ کارہے ،علاوہ ازیں رات گئے بلدیاتی الیکشن کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ سندھ کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں 6 ہزار 277 سیٹوں میں سے 2 ہزار 455 کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج موصول ہوگئے ، پیپلز پارٹی 2 ہزار 288 نشستوں کے ساتھ سرفہرست آگئی، جی ڈی اے 65 سیٹوں کے ساتھ دوسرے اور جے یو آئی 64 امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ، 40 آزاد امیدواربھی کامیاب ہوگئے ، پی ٹی آئی 13 سیٹیں جیت چکی ہے ۔ضلعی تھرپارکر میں پیپلزپارٹی کواپ سیٹ شکست ہوگئی،خیرپورمیں منظوروسان کواپنے گھرسے شکست ہوگئی۔مختلف شہروں میں جیالوں اور جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا،آتشبازی کی،ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔