اسلام آباد (وقائع نگار) صوبہ سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے 11منصوبوں کی تعمیر کیلئے عملدرآمدی معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے ۔ گزشتہ روز یہاں وفاقی دارالحکومت میں متبادل توانائی بورڈ اور متعلقہ کمپنیوں کے مابین معاہدوں پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ معاہدوں پر متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر رانا عبدالجبار اور متعلقہ کمپنیوں نے دستخط کئے ۔ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے ترجمان کے مطابق نجی کمپنیاں مجموعی طور پر سندھ میں جھمپیر کے مقام پر 550 میگاواٹ سے زائد کے ونڈ پاورکے منصوبے لگائیں گی۔ وزارت سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 10 کمپنیاں پچاس پچاس میگاواٹ کے منصوبے لگائیں گی اور ایک کمپنی60 میگاواٹ کا ونڈ پاور منصوبہ لگائے گی۔ وزارت توانائی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ونڈ پاور منصوبوں سے 2021 ئکے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔