اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان ٹیکس کلیکشن کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، سندھ حکومت نے آئندہ وفاق کے لئے بغیر فیس کے ودہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے سے انکار کردیا، صوبائی حکومت نے ٹیکس کلیکشن اور محصولات خرچ کرنے کی پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ کردیا ،ایف بی آر ذرائع کے مطابق ورلڈ بنک ریونیو ریزنگ پراجیکٹ کی تفصیلات سامنے آنے پر وفاق اور صوبائی حکومت پر تنازع شروع ہوا، سندھ حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس کی دوسری بڑی قومی کلیکشن کی بنیاد پر فیس کا معاملہ سرعام اٹھایا ،ٹیکس کلیکشن کے معاملے پر ایف بی آر اور سندھ حکومت کے حکام ایکسچینج آف نوٹس کریں گے ، پیش رفت کے بارے میں ورلڈ بینک ریونیو ریزنگ پراجیکٹ افسران کو بھی آگاہ کیا جائے گا، فیس کا معاملہ کلیکشن کی رقوم میں اضافے کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔ورلڈ بینک کے پراجیکٹ میں نئے معاہدے کی بنیاد پر تبدیلیاں کی جائے گی، وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکس کلیکشن کے نئے معاہدے کی راہ بھی ہموار کی جائے گی۔