ملتان(سپیشل رپورٹر ،صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ بھارت کی ہر قسم کی مہم جوئی کے مقابلہ کیلئے پاک افواج اور عوام ہمہ وقت تیار ہیں، محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے ،کشمیری بھارت کے 5اگست کے اقدامات کی نفی کررہے ہیں،صدر سلامتی کونسل ،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کشمیر کی صورتحال پر خط لکھے ،بھارت کوئی ناٹک رچاسکتاہے ،مقبوضہ کشمیرمیں محرم کے جلوسوں پرپابندی ہے ، مقبوضہ کشمیرمیں محرم کے جلوسوں پرپابندی کی مذمت کرتاہوں،سعودی عرب کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں،اعلیٰ سطح پر رابطے جاری ہیں، سعودی قیادت جلدپاکستان کادورہ کرے گی۔ملتان میں سالانہ حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا ماضی میں کراچی کے لئے کسی نے پلاننگ نہیں کی، اب وزیراعظم نے کراچی کے لئے بڑے پلان کا فیصلہ کیا ہے ، کراچی کے موجودہ حکمرانوں نے تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، شہر قائد کو اس کے حال پر چھوڑ دیا،حکمرانوں کی جانب سے کوئی پلاننگ کی جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی،، کراچی کیلئے دعا کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کشمیر میں آج بھی عزاداروں پر لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے ، سری نگر میں عیدالاضحیٰ پر بھی جامعہ مسجد بند رکھی گئی، یہ سب انصاف کے علمبرداروں کو نظر کیوں نہیں آتا۔۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماہرین کورونا وائرس کنٹرول کرنے پر پاکستان کی کیس اسٹڈی کرنا چاہتے ہیں، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، خدشہ ہے کہ سردیوں میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے اس لیے احتیاط کرنا چاہیے ۔