اسلام آباد (خبر نگار ،92نیوزرپورٹ) سپریم کورٹ میں سکول فیس کیس کی سماعت مکمل ہو گئی اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور قراردیا کہ فیصلہ مناسب وقت میں سنایا جا ئیگا۔قبل ازیں نجی سکولز فیس اضافہ کیس کی سماعت کے دوران وکیل نجی سکولز نے کہا کہ 5 فیصد اضافے کی حد بنیادی حقوق کیخلاف ہے ۔ حد مقرر کرنے سے معیار تعلیم نیچے آئیگا۔ سالانہ 5 فیصد اضافے کی پابندی کی وجوہات بھی نہیں بتائی گئیں۔اس پرچیف جسٹس نے کہا آپ چاہتے ہیں عدالت پابندی ہٹا کر کھلی چھٹی دے دے ۔ سموسوں کی قیمت کا بھی ایک مقدمہ آیا۔ کیا سموسے کی قیمت بھی عدالت نے طے کرنی ہے ۔ دیکھنا ہوگا کہ عدالت نے کہاں حد لگانی ہے ۔ عدالت نے نجی سکولز فیس اضافہ کیسز پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان کی ہائیکورٹس کو بھجوادئیے اور ہائیکورٹس کو مقدمات پر کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔ سپریم کورٹ نے حج کوٹہ کیس نمٹاتے ہوئے وزارت مذہبی امور کوہدایت کی ہے کی نجی ٹور آپریٹرز کا موقف سن کرکیٹیگری میں قانون کے مطابق ردوبدل کیاجائے ۔ جسٹس مشیر عالم کی سر براہی میں3 رکنی بینچ نے حج کوٹہ کیس کی سماعت کا آغاز کیاتو نجی ٹور آپریٹرز کے وکیل کا کہنا تھا کہ رواں سال 2019ئمیں آپریٹرز کی کیٹیگری میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ہماری کیٹیگری نوٹس دیئے بغیر تبدیل کی گئی ، اس پر سرکاری وکیل نے بھی اعترا ف کیاکہ کیٹیگری تبدیلی کا نوٹس آپریٹرزکو نہیں دیا گیا ، سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کی ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف اپیل نمٹا دی ۔