کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو زبردست تیزی رہی جبکہ سونا ریکارڈ2300روپے فی تولہ مہنگاہوگیا جبکہ ڈالر کی اونچی پرواز بھی جاری ہے ۔سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،فوڈز ،پٹرولیم اور بینکنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1111.90پوائنٹس اضافے سے 44333.68پوائنٹس ہو گیا۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب64ارب92کروڑ36لاکھ 11ہزار456روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس سے سرمائے کا مجموعی حجم 77کھرب47ارب64کروڑ37لاکھ 64ہزار252روپے ہو گیا۔کاروبارکے دوران 38کروڑ85لاکھ97ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ مجموعی طور پر557کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ادھر انٹر بینک میں 15پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید171 سے بڑھ کر171.15 اور قیمت فروخت171.10سے بڑھ کر171.25روپے ہو گئی ۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید171.40 سے بڑھ کر171.60اور قیمت فروخت171.80سے بڑھ کر172روپے ہو گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں2300روپے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ19ہزار روپے پر جا پہنچی جبکہ1972روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت1لاکھ2ہزار23روپے ہو گئی ہے ۔