کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے روز جمعرات کو بھی مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید 54.33 پوائنٹس کی کمی سے 42506.94پوائنٹس کی سطح پرآگیا جب کہ 51.63فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 28ارب33کروڑ23لاکھ روپے کانقصان اٹھانا پڑاتاہم کاروباری حجم بدھ کی نسبت 29.68فی صدزائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزسرمایہ کاروں کی جانب سے نچلی سطح پر آئی قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع بخش کمپنیوں کے حصص خریداری کی گئی جس کے باعث ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہواجس کے باعث دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس42907پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا تاہم بعد ازاں شیئرز فروخت کا دباؤ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 42435پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا لیکن آخری اوقات میں ریکوری آنے سے 42500کی حد بحال ہوگئی تاہم مندی کے اثرات غالب آگئے اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100ا نڈیکس54.33پوائنٹس کی کمی سے 42506.94پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 10.83پوائنٹس کی کمی سے 19728.54 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 105.12 پوائنٹس کی کمی سے 29456.51پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر368کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 190میں کمی اور24میں استحکام رہا ۔