لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری میں تاخیر برداشت نہیں،کاغذی کارروائی نہیں عملی اقدامات چاہئیں۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیزکرنے اور 31 جنوری تک سکیموں کو منظور کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی محکمے سکیموں کی منظوری کیلئے ضروری امور جلد سے جلد نمٹائیں، محکموں کی سطح پر سکیموں کی منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،مجھے کاغذی کارروائی نہیں، عملی اقدامات چاہئیں،ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی،ہم عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں،ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہنے سے کام نہیں چلے گا،افسران فیلڈ میں نکلیں اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کو خود مانیٹر کریں،بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹرلیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد اصغرنے ملاقات کی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے محکموں کی استعدادکار میں اضافہ کر رہے ہیں،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) راحت لطیف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،دریں اثنا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر پنجاب بھر میں سرکاری نرخوں پر آٹے کے تھیلوں کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے شہروں اورتحصیلوں میں سرکاری نرخوں پرآٹے کے تھیلوں کی فراہمی کیلئے 484سیل پوائنٹس قائم کردیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں اورتحصیلوں میں 207مقامات پر ٹرکوں کے ذریعے بھی سرکاری نرخ پر آٹے کے تھیلوں کی فروخت جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے خانیوال کے علاقے میں تھانیدار کی جانب سے خاتون کے گھر چھاپے اور ہراساں کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔