اسلام آباد(این این آئی)وزارت صحت کی انکوائری کمیٹی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ )کے سی ای او عاصم رؤف کی ترقی و تقرری کو غیر قانونی قرار دے دی۔تفصیلات کے مطابق درخواست گزاروں نے عاصم رؤف کے خلاف 13 الزامات عائد کئے تھے ، وزارت صحت کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر آگئی ، رپورٹ سیکرٹری وزارت صحت کو پیش کردی گئی ، کمیٹی نے رپورٹ میں ڈریپ کے سی ای او اور13 ڈ ائریکٹرز کی قوائد و ضوابط کے مطابق تعیناتی کی سفارش کردی ،رپورٹ میں کہا گیا کہ عاصم رؤف اور 2 ملازمین کی 2017 کو ڈپٹی ڈائریکٹر سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ترقی غیر قانونی ہے ، عاصم رؤف کو 2018 میں پچھلی تاریخوں میں دی گئی ترقی ایک غیر قانونی عمل تھا ،ڈریپ ریکارڈ ضائع کرانے سے متعلق ویڈیو کی فرانزک انو یسٹی گیشن کرائی جائے ۔ دوسری جانب عاصم رئوف سے جب اس حوالے سے مؤقف لیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کورٹ میں ہے ، اس پر مزید تبصرہ نہیں کروں گا۔