اسلام آباد (وقائع نگار،این این آئی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت میں اپوزیشن نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ بل 2021 پاس کرنے سے انکارکردیا،بل میں ترمیم لائیں گے ، یہ ماڈل کے پی کے میں فیل ہوگیا،جن ہسپتالوں میں یہ نظام رائج ہے ان کادورہ کرایاجائے ۔چیئر مین کمیٹی ڈاکٹرہمایوں نے کہاکہ یہ صحت کادنیامیں بہترین نظام ہے ۔معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ ایم ٹی آئی بل پر کمیٹی کے تحفظات دور کیے جائینگے ۔ قائمہ کمیٹی قومی صحت کا اجلاس ڈاکٹر ہمایوں مہمند کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ بل 2021زیر غور لایاگیا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اسلام آباد کے ایک ، لاہور کے شیخ زاید اور کراچی کے 3 وفاقی ہسپتالوں پر اسکااطلاق ہوگا،ملازمین کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ، ملازمین کو کوئی خطرہ نہیں،جو سرکاری نوکری چھوڑیں گے اور ہسپتال کی نوکر ی کرینگے تو انکی تنخواہ دو سے تین گنا بڑھ جائیگی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اس سے بہتر بل نہیں ہوسکتا،پاکستان میں 99فیصد لوگ ایماندار نہیں ، اگر لوگ ایماندار ہوں تو موجودہ صحت کا نظام جولایا جارہاہے اس سے بہتر کوئی نظام دنیا میں نہیں۔کمیٹی میں اپوزیشن ممبران کی طرف سے اعتراضات کے باعث بل کمیٹی نے آئندہ اجلاس تک موخر کردیا۔ادھرسیف اﷲ ابڑو کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی پاورکا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر توانائی حماداظہر کا کہناتھاکہ کے الیکٹرک کو ضرورت کے مطابق بجلی دیں گے ،نیشنل گرڈسے بجلی فراہم کرنے کا نیا معاہدہ ایک ماہ میں ہو جائیگا۔قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے ایس اوپیز کیساتھ سینماؤں کو کھولنے کی سفارش کی جبکہ وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ پچھلی دو حکومتوں میں پی ٹی وی میں 2200 لوگوں کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کیا گیا،چودہ اگست سے پی ٹی وی نیوز مکمل ایچ ڈی پر منتقل کیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی اطلاعات کااجلاس چیئرمین فیصل جاوید کی زیر صدارت ہوا۔فواد چودھری نے کہاکہ پی ٹی وی کو آئوٹ سورس کرنے جا رہے ہیں۔شالیمار براڈ کاسٹنگ کے ماتحت انگریزی چینل لانچ کرنے جا رہے ہیں۔