لاہور (خصوصی نمائندہ،92 نیوزرپورٹ)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار ،سابق وزیراعلی ٰ منظوروٹو،سابق وفاقی وزیرفیصل صالح حیات،سابق ایم این اے احمد شجاع اوردیگررہنمائوں نے ملاقاتیں کیں،سیاسی رہنمائوں نے چودھری شجاعت سے موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے کرداراداکرنے کی درخواست کردی، چودھری شجاعت نے کہاموجودہ بحران کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کوشش کرنی چاہئے ،بعض لیڈراورصاحب اقتدارلوگ پاکستا ن کی تاریخ سے لاعلم ہیں،موجودہ بحران کو سنجیدگی سے لینا چاہئے ، پاکستان کو بنے ہوئے 72 سال ہو چکے ہیں لیکن بعض لیڈر اور صاحب اقتدار لوگ ابھی بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو بنے ہوئے صرف 5 یا 6 سال ہی ہوئے ہیں، اس سے آگے ان کی معلومات کام ہی نہیں کرتیں نہ ہی انہیں پاکستان کی تاریخ کا علم ہے ، انہیں چاہئے کہ وہ تاریخ کا مطالعہ کریں اور دیکھیں پہلے کون کیا تھا اور اب کیا ہے ، بعض کو تو مولانا فضل الرحمٰن اور حاصل بزنجو کے والد کے نام ہی نہیں پتہ ہوں گے ، انہوں نے کیا مذاکرات کرنے ہیں حالانکہ یہ رہنما سیاست میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے ۔