لاہور(قاضی ندیم اقبال)محکمہ اوقاف پنجاب نے 28سال بعد کروڑوں روپے مالیت کا حامل 44کنال5مرلے وقف زرعی رقبہ قبضہ گروپوں سے واگزار کرالیا ۔ کامیاب آپریشن کی بابت رپورٹ اعلی حکام کو ارسال کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب نے 1992میں خانقاہ بہاول جی ، موضع گجر کے ، تحصیل ڈسکہ ، ضلع سیالکوٹ کے ساتھ ملحقہ 44کنال5مرلہ زرعی رقبہ وقف کیا۔تاہم جس شہری کی وجہ سے رقبہ وقف ہوا، اس کا قتل کر دیا گیا۔ محکمہ اوقاف کو فیلڈ سٹاف کی جانب سے 4سال بعد 1996میں اس رقبہ کا کاغذی طور پر قبضہ حاصل کرنے کی رپورٹ دی گئی جو بعد ازاں زمینی حقائق کے برعکس ثابت ہوئی ۔محکمہ کے فیلڈ سٹاف نے ایک سے زائد بار اپنے طور پرمذکورہ وقف اراضی کا قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کی جو کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی ۔حال ہی میں اس وقف رقبہ کی بابت سٹیٹ ڈائریکٹوریٹ کو از سر نوآگاہ کر دیا گیا ۔ ڈائریکٹر سٹیٹ اوقاف عامر احمد خان کے رابطے کے تناظر میں گزشتہ روز خانقاہ بہاول جی ، موضع گجر کے ، تحصیل ؑڈسکہ ، ضلع سیالکوٹ میں ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔اور کروڑوں روپے مالیت کا حامل 44کنال5مرلے وقف زرعی رقبہ واگزار کرواتے ہوئے اس کا قبضہ عملی طور پر محکمہ اوقاف پنجاب کے ذمہ داران کے سپرد کر دیا۔