اسلام آباد (نیٹ نیوز) ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ اور صندل خٹک کے چرچے اب سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی تک پہنچ گئے اور ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو سائبر کرائم قرار دیئے جانے کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حریم شاہ اور صندل خٹک کا تذکرہ بھی ہوا۔ روبینہ خالد نے کہا ٹوئٹر میں ٹاپ ٹرینڈ حریم شاہ ہے ،سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ 2 لڑکیاں وزرا کے ساتھ تصاویر بنا کر بڑھا چڑھا کر پیش کرتی ہیں، ان کے فعل کو سائبر کرائم تصور کیا جائے آج وزرا، سینیٹرز اور بزنس مین بلیک میل ہو رہے ہیں،ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون کو سخت کیا جائے ، اجازت کے بغیر تصویر سوشل میڈیا پر لگانے کی پابندی ہونے چاہیے ، بار بار شکایت کے باوجود سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کیوں نہیں بند کئے جارہے ، فیس بک و ٹوئٹر حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کسی کی پرائیویسی کو اچھالا نہیں جانا چاہئے ، ایف آئی اے سائبر کرائم قانون پر عمدرآمد نہیں ہورہا، پرائیویسی متاثر کرنے کے فعل کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے ۔