اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،نیٹ نیوز ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی ٰنواز کھوکھر کی ضمانت کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی ۔ بلاول بھٹو زرداری کی نیب پیشی کے دوران احتجاج پر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا جس میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہانگیر اعوان نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی عبوری ضمانت منظور کی جس کی منسوخی کے لئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔ عدالت نے سماعت کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق اپنا فیصلہ محفوظ کیا بعد ازاں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی درخواست مسترد کر دی ۔ درخواست مسترد کیے جانے کے بعد میڈیا کو جاری کیے گئے میں بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت جھوٹے مقدمات اور الزامات کے بجائے توانائیاں تعمیری کام پر خرچ کرے ۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ایک کیس میں ضمانت کرائی تو ایک اور جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے سیل کرا دی گئی۔میری گرفتاری پر زور دینے کے بجائے یہ توانائی نیشنل ایکشن پلان پر خرچ ہوتی تو اچھے نتائج نکل سکتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب لگتا ہے کہ وزیراعظم خود میری ضمانت منسوخ کرانے سپریم کورٹ جائیں گے ۔وزیراعظم عمران خان کا لب و لہجہ ہی بتا رہا ہے کہ یہ سب کچھ ان کی ایما پر ہو رہا ہے ۔