مکرمی! آج کل ضلع بھر میں محترم ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی قیادت میں انسداد مچھر (ڈینگی) مہم پورے زور و شور کے ساتھ جاری ہے۔ ہمارے محلہ علی ہائوسنگ کالونی جھنگ روڈ فیصل آباد میں حالات یکسر مختلف ہیں۔ لگاتار اْبلتے ہوئے گٹروں اور سیوریج کی انتہائی خراب صورتِ حال نے پورے علاقہ کے ماحول کو انتہائی آلودہ بنا دیا ہے۔ گلیاں گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ہو کر گویا مچھر کی افزائش کی نرسریاں بن گئی ہیں اور مستقل پانی کھڑا رہنے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ ان حالات میں ناصرف کنکریٹ کی گلیاں تعمیر کرنے پر تین سال قبل خرچ کی گئی حکومت کی کروڑوں روپے کی گرانٹ ضائع ہونے اور علاقہ میں گیسٹرو، ہیضہ یا کسی اور خطرناک وباء کے پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ جناب ڈی۔ سی صاحب فیصل آباد سے اپیل ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ہمارے محلہ کی سیوریج لائنوں کی مکمل بحالی کے لیے احکامات صادر فرمائیں۔ (محمد الیاس علی ہائوسنگ کالونی فیصل آباد)