کراچی (رپورٹ: وکیل الرحمان) زرمبادلہ کے ذخائرمستحکم ہونے کے باوجود افواہوں اورسٹے بازی کے باعث جمعہ کو مقامی اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدربڑھ کر141 روپے سے تجاوزکرگئی جبکہ یورو،برطانوی پاونڈ اوردیگرکرنسیوں کی قدرمیں بھی غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا،ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالرموصول ہونے کے باعث زرمبادلہ ذخائرمستحکم ہوکر15 ارب ڈالرسے بڑھ چکے ہیں جبکہ چین سے بھی 2.1 ارب ڈالر ملنے کی اطلاعات ہیں،تجارتی خسارے میں بھی گزشتہ ماہ کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بیرونی ادائیگیوں کا توازن بھی پہلے سے بہترہوگیا ،اسکے باوجود مقامی کرنسی مارکیٹوں میں آئی ایم ایف کے دباؤ پرروپے کی قدرگرانے کی افواہیں پھیلانے میں سٹے بازسرگرم ہیں جسکے باعث گزشتہ چارروزسے امریکی ڈالرکی قدرمیں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدرمیں77پیسے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے امریکی ڈالرکی قیمت خرید 140.30 اورقیمت فروخت 140.40 روپے ہوگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدرمیں 1.10 روپے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالرکی قیمت خرید140.80 اور قیمت فروخت 141.30 ہوگئی، یورو کی قیمت خرید 70پیسے اضافے سے 159 اورقیمت فروخت 160.75 روپے ،برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 1.50روپے کے اضافے سے 184 اورقیمت فروخت 185.80روپے ہوگئی۔ سعودی ریال کی قیمت خرید 37.25 اورقیمت فروخت 37.55 جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید 38.20 اورقیمت فروخت38.50روپے ہوگئی البتہ چینی یوآن کی قیمت مستحکم رہی۔