لندن،لاہور( این این آئی )مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر چین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہا ہے کہ چین نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے عملی کردارادا کیا،عمران نیازی صاحب ٹویٹ کرنے سے آپ کی قومی مفادات کی نگہبانی میں ناکامی چھپ نہیں سکتی، افسوس حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کے اہم ترین قومی معاملے پر موثر سفارتکاری نہیں کرسکی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا سلامتی کونسل مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے وعدے کو پورا کرے ،162 دن سے زائد عرصہ سے مسلسل کرفیو ختم کرانے کے لئے بھارتی درندگی کے خلاف عملی اقدام اٹھایا جائے ،سلامتی کونسل کے اجلاس نے جموں وکشمیر میں حالات معمول پر ہونے کا بھارتی پراپیگنڈادفن کردیا،مقبوضہ جموں وکشمیر مسلمہ تنازعہ ہے بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ سچائی بھارتی جھوٹ سے چھپ نہیں سکتی ،جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لئے اپنا کردار پوری قوت سے ادا کرتے رہیں گے ،فتح آزاد جموں وکشمیر کے عوام اور شکست بھارت کا مقدر ہے ۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ان کی حرکت پرعمران خان اور پوری کابینہ کو شرم آنی چاہئے ،فیصل واوڈا نے عمران خان کے حکم اور ہدایت پر گھٹیا حرکت کی ۔ واوڈا نے جو کیا اور جو کرتے ہیں عمران خان کے حکم پر کرتے ہیں،ان جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا پاکستان کی بدقسمتی ہے ،عمران خان کا پیمرا کو استعمال کر کے ان کی ٹاک شوز میں شرکت اور اینکر پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا،اپنی نالائقی اور نااہلی چھپانے کیلئے میڈیا کی آواز بندکی گئی،عمران خان کے دبائو پر فیصل واوڈا کی بے نامی جائیداد پرنیب ،ایسٹ ریکوری یونٹ اور ایف آئی اے نے کارروائی نہیں کی۔