مکرمی! پنڈت جواہر لعل نہرو بھارت کے وزیراعظم تھے۔ اندرا گاندھی اور ان کے دونوں صاحبزادے بھی پرائم منسٹر ہائوس میں رہائش پذیر تھے۔ اندرا گاندھی کا چھوٹا بیٹا سنجے گاندھی چوتھی کلاس کا طالب علم تھا۔ کلاس ٹیچر نے ایک دن سہواً اسے نہرو کہہ کر پکارا جس پر سنجے گاندھی بگڑ گیا اور بولا ’’جناب میرا شجرہ نسب تو نہ بدلیں۔ میں نہرو نہیں گاندھی ہوں اور اس پر فخر کرتا ہوں‘‘ سیاسی چیٹنگ سے اجتناب کرتے ہوئے کاش ہمارے ہاں بھی کسی پیوند ا ور ملمع کاری کے بغیر اپنے شجرہ ہائے نسب پہ فخر کرنے کی کوئی روایت قائم کی جاتی۔ کیونکہ شجرہ نسب صرف اور صرف باپ کے سلسلہ ہائے نسب سے چلتا ہے اور جن جن کا یہ سلسلہ قابلِ فخر ہے وہ اسی پہ قائم رہتے ہیں۔ اس سے کنی نہیں کتراتے۔ اعلیٰ درجے کا ریپر بھی کم تر درجے کے مال کو مارکیٹ میں کامیاب نہیں کروا سکتا۔(محسن امین تارڑ ایڈووکیٹ گکھڑ منڈی)