لاہور،چونیاں،حبیب آباد،حافظ آباد ،اسلام آباد،کراچی(سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ، نمائندگان 92 نیوز،لیڈی رپورٹر)بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ،لاہور کے کئی علاقوں میں مسلسل 12گھنٹے سے بعد تک بجلی بند رہی جس کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ۔گرمی سے بچے ،بوڑھے اور مریض بلبلا اٹھے ۔شہر میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ،عوام ذمہ داران کو بددعائیں دیتے رہے ۔این ٹی ڈی سی 220کے وی نیو ٹرانسمیشن لائن لاہور میں فنی خرابی کے باعث 90میگاواٹ بجلی لیسکو کے سسٹم سے نکلنے سے لاہور شہر کے متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ گھنٹوں لوڈشیڈنگ نے عوام کاجینا محال کردیااور سسٹم سے 90میگاواٹ بجلی نکلنے کے بعد لاہور شہرکے متعد د علاقوں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسہ جاری رہا ۔جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی اور عوام سراپا احتجاج بنے رہے ۔غازی روڈ گرڈ سٹیشن اور فتح گڑھ گرڈ سٹیشن سے منسلک مختلف علاقوں کے 25سے 30ٹرانسفامر خراب ہوئے جس کے باعث فتح گڑھ ،ہربنس پورہ ،غازی آباد ،مغلپورہ ،شالامار لنک روڈ ،انگوری باغ سمیت ملحقہ علاقوں سمیت شاہدرہ،بادامی باغ،مسلم پارک، پراچہ کالونی، اتحاد پارک، جھلاراں چوک ،اتحاد پارک، سعید پارک، گھوڑے شاہ اور حسنین کالونی،چاہ میراں،فیض باغ،شاد باغ ،کوٹ خواجہ سعید ،راوی روڈ ،بلال گنج،موہنی روڈ،ملک پارک،کریم پارک،امیر روڈ،ابرہیم روڈ،بھاٹی گیٹ،بوگی روڈ ،حبیب اللہ روڈ،ڈیوس روڈ سمیت دیگر متعدد مقامات پر دو اور تین جولائی کی درمیانی شب سے بجلی غائب رہی جو گزشتہ روز دوپہر دو بجے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی لیکن اس کے بعد بھی بجلی آنکھ مچولی کا کھیل کھیلتی رہی اور رات گئے تک بجلی آتی جاتی رہی ۔علاوہ ازیں گڑھی شاہو ،جی ایس ون لاریکس کالونی ،اقبال ٹائون ،مصطفی ٹائون اور دیگر علاقوں میں بھی بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر رہا ۔شہری رات کے وقت سو سکے اور نہ دن کے وقت سکون انہیں نصیب ہوا ،گرمی اور حبس میں بجلی کی محرومی سے عوام وفاقی حکومت کو برا بھلا کہتے رہے ۔این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ نیو لاہور ٹرانسٹمیشن لائن پیداشدہ فنی خرابی کو بحال کردیا گیا اور سسٹم سے لیسکو کو مکمل سپلائی فراہم کی جارہی ہے ۔ چونیاں میں لوڈشیڈنگ ،معمر اور معصوم بچے گرمی سے نڈھال۔ پانی ختم ہو گیا۔ پتوکی میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ بارہ گھنثے تک پہنچ گئی بجلی غائب رہنا معمول بن گیا شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کاروبار ٹھپ ہو گئے ۔ حافظ آباد شہراور اسکے دیہات میں دن اور رات کے دوران کئی کئی گھنٹے کی بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی، شمال مشرقی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بگروٹ میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ۔سب سے زیادہ درجہ حرارت،جیکب آباد، دادو میں 47،نوکنڈی،لاڑکانہ، موہنجوداڑو اور سبی میں46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں جمعہ کو درجہ حرارت38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اورشدید گرمی لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کومشکلات کاسامنا کرنا پڑا ہے جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ۔