کراچی ( کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ )پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شرح سود میں کمی کے حکومت کے شاندار اور بڑے معاشی فیصلے اور آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب 38کروڑ60لاکھ ڈالر کے پیکج کی منظوری پر سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست گرم جوشی دیکھنے میں آئی جس کے باعث زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اورکے ایس ای30انڈیکس میں5فیصد اضافے پر قواعد کے مطابق ٹریڈنگ روکنا پڑی ،ٹریڈنگ بحالی کے بعد بھی تیزی کا رجحان برقراررہا اورٹریڈنگ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس32ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 1502.37پوائنٹس کے اضافے سے 32831.83پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔88.12فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت2کھرب29ارب71کروڑ11لاکھ روپے کے اضافہ سے 62کھرب5ارب19کروڑ36لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی۔اسی طرح حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی غیر معمولی طور پرزیادہ رہا اور مجموعی طور پر 30کروڑ23لاکھ98ہزار شیئرز کی خرید وفروخت ہوئی جو جمعرات کے مقابلے میں153.89فی صد زائد ہے ۔کے ایس ای30انڈیکس بھی661.13پوائنٹس کے اضافے سے 14407.56پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس861.04پوائنٹس کے اضافے سے 23259.22پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر362کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 319کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،صرف 31کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور12 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔ادھرسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں ایک ماہ میں تیسری مرتبہ شرح سود میں کمی کے باعث جمعہ کو مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور انٹر بینک میں 3.80روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 3.50روپے کی کمی سے ڈالر 164روپے کی سطح پر آگیا۔ دیگر کرنسیوں کی قدر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید3.80روپے کی نمایاں کمی سے 166.80روپے سے گھٹ کر163روپے اور قیمت فروخت 2.90روپے کمی سے 166.90روپے سے گھٹ کر164روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید3.50روپے کی کمی سے 166.50روپے سے گھٹ کر163روپے اور قیمت فروخت3روپے کی کمی سے 167روپے سے گھٹ کر164روپے ہوگئی۔ وا ضح رہے جمعہ کو ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث طویل عرصے بعد پہلی مرتبہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ یکساں ہوگئے ۔یوروکی قیمت خرید180روپے اور قیمت فروخت182روپے مستحکم رہی۔ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید203روپے اور قیمت فروخت205روپے برقرار،سعودی ریال کی قیمت خرید41.80روپے اور قیمت فروخت42.30روپے برقرارجبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید43.90روپے اور قیمت فروخت44.40روپے مستحکم رہی۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں نرخ گرنے اور ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث جمعہ کو مقامی طور پرسونے کی فی تولہ قیمت3400روپے کی نمایاں کمی سے 97600روپے کی سطح پر آ گئی ۔آل کراچی صراف اینڈ جیولر ز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت49ڈالرکی غیر معمولی کمی سے 1689ڈالر ہوگئی جس کے باعث مقامی طور پر فی تولہ سونے کی قیمت 3400روپے کی کمی سے 97600روپے اور10گرام سونے کی قیمت 2915روپے کی کمی سے 83676روپے ہوگئی ۔چاندی کی فی تولہ قیمت 20روپے کی کمی سے 950روپے ہوگئی۔