ڈیرہ غازی خان،اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر، این این آئی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہاہے کہ شہری اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اسی میں سب کی عافیت ہے ۔ہفتہ کو ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں زرتاج گل نے کہا ذمہ داری سے اس پر عمل کریں، اپنے بڑوں بزرگوں کی صحت کی خاطر،صرف اشد ضرورت کے تحت گھر سے نکلیں۔ انشا اﷲ ہم اس وبا پر قابو پا لیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ڈیرہ غازی خان میں ایئر پورٹ کے نزدیک غازی یونیورسٹی اور ڈیرہ غازیخان جے دانش سکول کے قرنطینہ سینٹرز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مقیم زائرین سے معلومات حاصل کیں اور انتظامیہ کی طرف سے زائرین کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر ایران سے آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولیات اور روزمرہ ضروریات فراہم کی جارہی ہیں ، ابتک ساڑھے چار سو کے قریب زائرین کو ان کے گھروں میں بھجوا دیا گیا ہے ہے ۔