اسلام آباد(این این آئی) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے شہباز شریف کو صرف پاؤں پڑنا آتا ہے ، سرکاری ملازم کا بیٹا ہونے کے ناطے سرکاری ملازمین میرے دل کے قریب ہیں، جی نائن میں سرکاری ملازمین کے بلاکس کی تزئین نو کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں کام فی الفور شروع ہوگا۔سیکٹر جی نائن ٹو میں سرکاری ملازمین کے رہائشی بلاکس کی تزئین نو کے کام کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے دوران انہوں نے کہاسرکاری ملازمین کی سہولت کے جی نائن کے کمیونٹی سنٹر کی بحالی 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ہو چکی ہے اور بہت جلد اس کا افتتاح ہو جائے گا ، ملازمین کو بچوں کی شادی کے لئے کسی بھی پرائیویٹ مارکی سے بہتر سروس فراہم کی جائے گی۔ اس وقت الحمد ﷲ پورے اسلام آباد میں تاریخی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جو پہلے کسی بھی حکومت کے نصیب میں نہیں تھے ، بہت جلد مہنگائی میں کمی ہوگی اورتنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ عدالتیں شریف فیملی سے رسیدیں مانگتی ہیں، وہ کبھی کسی جج کی ویڈیو آڈیو سامنے لے آتے ہیں کبھی کسی کا ایفی ڈیوٹ تاہم رسیدیں نہیں دیتیں۔شہباز شریف سے عدالت نے پوچھا حدیبیہ مل آپ کی ہے ،کہتے میری نہیں میرے والد اور دوسری بچوں کی ہے ۔علی نواز اعوان نے جی نائن ٹو میں کھیل کے میدان کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔