اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیکہا ہے کہ شفافیت اور احتساب موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کا مقصد ملک میں اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے ، اس سلسلے میں آڈٹنگ اور اکائونٹنگ کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور دنیا میں رائج بہترین طریقہ ہائے کار اپنائے جانے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے دی جانے والی ایک پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آڈیٹر جنرل جاوید جہانگیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس سلسلے میں پرانے نظام کو جدید طریقوں اور نئی ٹیکنالوجیز سے تبدیل کیا جانا چاہیے ۔ اس موقع پر آڈیٹر جنرل نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے محکمہ کی کارکردگی کی بہتری، میرٹ، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔دریں اثناپی ٹی آئی آزادکشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی ۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ہم کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پوری توجہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کومختلف فورمز پر اجاگر کرنے پرمرکوز کی جائے گی۔