اسلام آباد،راولپنڈی( نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوزرپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے ایک کلو چینی کی خریداری کی 90روپے کی رسید دکھاتے ہوئے کہا ہے چینی ڈاکے کے اصل ذمہ دار عمران خان، عثمان بزدار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور اسد عمر ہیں۔ادھروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاداکبرنے کہاہے وزیراعظم نے سبسڈی نہیں ایکسپورٹ کی اجازت دی ، وزیراعظم نے کوئی سبسڈی نہیں دی،شوگرکمیشن کی رپورٹ شہباز شریف اورشاہد خاقان عباسی کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔اسلام آباد میں مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا جو حکومت چینی کو قابو نہیں کرسکے وہ کورونا کو بھی کنٹرول نہیں کرسکتی، ان کا نام چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹس میں نہیں ملے گا،کمیشن کی رپورٹ ناکافی ہے ، صرف توجہ ہٹانے کے لئے 347 صفحوں پرتحریر لکھی گئی،عوام کے سامنے حقائق رکھنے کے لئے پریس کانفرنس کی، اگر عمران خان کو نہیں بلائیں گے تو کمیشن کا کوئی فائدہ نہیں،حکومت شوگر مافیا کو بچا رہی ہے ،شوگر مافیا کابینہ اور وزیراعظم کے گھر میں بیٹھا ہے ، مقدمہ درج کرنا ہے تو مجھ اور عمران خان پر کریں،مجھ سے جہانگیر ترین کے کوئی رابطے نہیں ہوئے ۔ مریم اورنگزیب نے وزیرِ صحت عمران خان کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے لاپتہ وزیراعظم عمران صاحب کے پاس شعبہ صحت کا ‘‘ لْک آفٹر چارج’’ ہے ،ٹھیکے پہ چلتی حکومت نے وفاقی دارالحکومت کے صحت کے نظام کو ٹھیکے پر دے دیا ، کرائے کے ترجمان کے سرکس اورکاغذالہرانے سے چوری نہیں چھپ سکتی۔جوابی پریس کانفرنس میں شہزاداکبرنے کہان لیگ والے رپورٹ پرقوم کوگمراہ کرناچاہتے ہیں،شاہد خاقان عباسی کو چارج شیٹ کا جواب دینا ہو گا،شاہد خاقان عباسی نے سلمان شہباز کے ایماپر20ارب روپے کی سبسڈی دی اور24 گھنٹے کے نوٹس پرچینی ایکسپورٹ کی اجازت دی،ملک سے بھاگے ہوئے ملزمان کی جائیدادیں ضبط ہوں گی۔شہبازشریف خادم اعلیٰ تھے لیکن وہ اپنی تجوریاں بھررہے تھے ، ٹی ٹی کیس میں ریفرنس فائل ہونے جارہاہے ، شہبازشریف ٹرائل شروع ہونے کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں،سندھ کے وزیراعلیٰ کوبلایاگیالیکن وہ کمیشن میں پیش نہیں ہوئے سلمان شہبازکی شوگرمل نے کسانوں کوسواارب کی کم ادائیگی کی گئی۔