لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 22ہزار رہ گئے ،شوگر ،بلڈ پریشر بھی زیادہ ہے جبکہ ائیرلائن ٹکٹیں پھر منسوخ کردی گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم کا وزن مزید کم ہوگیا جسم پر دھبے حجم میں بڑھنا شروع ہو گئے ہیں ،ڈاکٹروں نے مزید سٹیرائیڈز دینا خطرناک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک روانگی میں مزید تاخیر ہوئی تونوازشریف کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں،نوازشریف کا ان کی رہائشگاہ پر علاج معلالجہ جاری ہے اورڈاکٹرز پلیٹ لیٹس کے معاملے پر شدید تشویش کا شکار ہیں، ڈاکٹرز نے شریف فیملی کو نواز شریف کو 24گھنٹوں میں بیرون ملک منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کی نواز شریف کے اہل خانہ سے مشاورت جاری ہے اور خاندان کو رائے دی گئی ہے کہ اگر بیرون ملک روانگی میں مزید تاخیر ہوئی تو سابق وزیراعظم کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں،سٹیرائیڈز کی ڈوز دینے سے پہلے ہی نواز شریف کی صحت پر گہرے اثرات سامنے آ گئے ہیں،مزید ہائی ڈوز دی جاتی ہے تو اس سے پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کاوزن گزشتہ دو روز میں مزید کم ہوا ہے جبکہ شوگر اور دیگر بیماریوں کے باعث نواز شریف کی قوت مدافعت انتہائی کم سطح پر آچکی ہے ۔ دریں اثنا نواز شریف کو باہر لے جانے کے لئے ائیر ایمبولینس کے انتظامات کے ساتھ آج کیلئے نجی ائیر لائن کی ٹکٹیں بھی بک کرائی گئی تھیں تاہم روانگی کا حتمی فیصلہ نہ ہونے کی وجہ سے نواز شریف ،ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ٹکٹیں منسوخ کر دی گئیں، نجی ائیر لائن کی پرواز صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہونا تھی۔