لاہور (پ ر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر لاہورمیں ڈونرز کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال کے ساتھ تعاون کرنے والے افراد اور کارپوریٹ کمپنیوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب ہسپتال کے پچیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقد کی گئی تھی جس میں ان تمام لوگوں کو مدعو کیا گیا جو اس ادارے کے ساتھ تعاون کرتے آ رہے ہیں ۔ اس موقع پر ہسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے آنے والے معزز مہمانوں کو ’’میڈل آف ہوپ‘‘ بھی دیا گیا جو اس بات کا اعتراف تھا کہ ان کے تعاون کی بدولت پاکستان میں کینسر کے علاج کا ایک ایسا ادارہ کامیابی سے کام کر رہا ہے جو ہزاروں مستحق کینسر کے مریضوں کے لیے زندہ رہنے کی امید بن چکا ہے ۔ تقریب میں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان اور چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے مہمانوں کو ہسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ فلمسٹار ریما نے تقریب کی میزبان کے فرائض سرانجام دیے جبکہ معروف گلوگار ساحر علی بگانے نے میوزیکل پرفارمنس سے تقریب میں سماں باندھ دیا۔تقریب میں شریک مہمانوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اس ہسپتال کے ساتھ آئندہ بھی تعاون کرتے رہیں گے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ ان کے دیے ہوئے عطیات کا درست استعمال ہو گا اور ان سے مستحق کینسر کے مریضوں کا علاج جاری رہے گا۔